آسام اسمبلی میں ہنگامہ،صدرنے کانگریس رکن کومارشل کے ذریعہ باہرکروایا
گوہاٹی، 13اگست؍ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) آسام اسمبلی میں بی جے پی کے ایک رکن کی طرف سے ایک کانگریس ممبر اسمبلی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کئے جانے کی وجہ سے ہنگامہ ہونے سے آج دو بار کارروائی ملتوی کی گئی۔جب ایوان میں صورت حال بہتر نہیں ہوئی اور کانگریس ممبر اسمبلی شرمن علی احمد ایوان میں ہی لیٹ گئے، تو ایوان کے صدر رنجیت کمار داس نے مارشل کو انہیں اور ان کے ساتھ عبدالکلام رشیدعالم کو ایوان سے باہر کرنے کا حکم دیا۔ایوان میں ہنگامہ اس وقت شروع ہوا جب بی جے پی ممبر اسمبلی بنندا کمار سو کیا نے اپنے علاقے سپاجھر میں سرکاری زمین کے تجاوزات کا مسئلہ اٹھایا۔انہوں نے سپریم کورٹ کے ایک حکم کا حوالہ دیتے ہوئے علاقے سے تمام تجاوزات کو ہٹانے کی حکومت سے اپیل کی۔احمد نے ہر تجاوز ہٹائے جانے کی مخالفت کی۔اس پر بی جے پی ممبران اسمبلی نے اعتراض ظاہر کیا اور راما کانت دیوری نے ان کے خلاف قابل اعتراض اورشرمناک تبصرہ کیا۔ایوان کے صدر نے سوکیا کی تقریر کے بعد کئے گئے تمام تبصرے کو کارروائی سے ہٹا دیا۔احمد اور کانگریس اوراے آئی یو ڈی ایف کے دیگرارکان اسمبلی چیئرمین کے قریب آکرہنگامہ کرنے لگے۔ان کی مخالفت میں حکمراں پارٹی کے ممبر اسمبلی بھی چیئرمین کے قریب آ گئے۔ہنگامے کی وجہ سے ایوان کی کارروائی10منٹ کیلئے ملتوی کر دی گئی۔اجلاس ملتوی کئے جانے کے بعد بھی دونوں فریقوں کے درمیان نوک جھوک ہوتی رہی۔ایک بارکے التوا کے بعد دوبارہ اجلاس شروع ہونے پر بھی ایوان میں ایک بار پھر وہی نظارہ دکھا۔